22 اگست 2014 - 15:43
تحریک انصاف ارکان اسمبلی نے استعفے جمع کروادیئے

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے اسپیکر کے چیمبر میں جمع کرا دیئے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ارکان قومی اسمبلی اسد عمر، شیریں مزاری اور عارف علوی پارلیمنٹ ہاؤس میں واقع سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں پہنچے اور تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفیٰ جمع کرا دیئے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی غیر موجودگی میں سیکرٹری قومی اسمبلی نے استعفے وصول کئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر 2 بھائیوں کی ہٹ دھرمی سے ملک کا نظام خطرے میں پڑ جائے تو انہیں سوچنا چاہیئے کہ انہیں پاکستان کا مفاد عزیز ہے یا پھر اپنا اقتدار۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اپنا استعفیٰ خود جمع کرا سکتے ہیں، ان کا تحریک انصاف سے تعلق نہیں ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کہ ہم بند گلی میں نہیں بلکہ ایک نئے پاکستان کا راستہ بنانے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے ہزاروں کارکن جیل میں ہیں جنہیں رہا نہیں کیا گیا۔ ان کے اپنے گھر پر حملہ کیا گیا اور وفاقی دارالحکومت کے راستوں پر اب بھی کنٹینرز موجود ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنماء نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جمہوری استحکام اور آئین پر عمل درآمد کی قرارداد منظور کی گئی اور ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ آئین پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کیا جائے۔

.......

/169